شب معراج کو امت مصطفیٰ کو بھی کئی مناصب اور اعزازات عطا کئے گئے ، خصوصی خطاب
اشرف آصف جلالی نے ہاتھوں سے علماء کی دستار بندی کی ، مبارک باد دی ۔
لاہور ( سٹاف رپورٹر ) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامعہ رضویہ، رحمن پورہ میں سالانہ جلسہ دستار فضیلت کا انعقاد کیا گیا۔ اساتذہ العلماء پیر مفتی محمد راشد رضوی نے انتظامات کی نگرانی کی۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معراج النبی سے ثابت ہوتا ہے کہ عظمت مصطفی کا جھنڈا عرش پر بھی لہرا رہا ہے۔ اللہ تعالی نے حضرت محمد مصطفی کو لامکان کی خلوتوں میں سعادت دیدار کے ساتھ وہ نوازشات عطا فرمائیں جو صرف آپ ہی کا خاصہ ہیں ۔ شب معراج جہاں رسول اللہ کے لیے نہایت امتیازی رات ہے، وہیں امت مصطفی کو بھی اس رات میں تمام سابقہ امتوں کے مقابلے میں کئی مناصب اور اعزازات عطا کیے گئے۔ انسانیت کے نام اللہ تعالیٰ کا وہ پیغام جو فرشتے کی وساطت کے بغیر تھا، وہ صرف ہمارے آقا معراج کی رات لے کر آئے۔ اس سے اللہ تعالیٰ کا اپنے محبوب پر حد درجے کا اعتماد اور آپ کو عطا کی گئی نیابت و خلافت کی عظمت مزید واضح ہوتی ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے اپنے ہاتھوں سے علماء کی دستار بندی کی ، انہیں مبارک باد دی اور آخری سانس تک اخلاص اور استقامت کے ساتھ دین اسلام کی خدمت کرتے رہنے کی نصیحت کی۔

Featured
Share:
View All Press Releases